Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی حالات جیسے بھی ہوں، پاک چین دوستی ناقابل شکست رہے گی؛ چینی وزیرخارجہ

پاک چین آہنی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے، فیلڈ مارشل

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے اور دونوں ممالک کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ عالمی اور علاقائی حالات جیسے بھی ہوں، پاک چین دوستی ہمیشہ چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل شکست رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چین کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری اور دیگر مشترکہ منصوبوں کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق چین نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا خیرمقدم کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کو قابل اعتماد ثالث قرار دیتے ہوئے خطے میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ عالمی حالات جیسے بھی ہوں لیکن پاک چین دوستی ناقابل شکست رہے گی۔

دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین آہنی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان کو اس پر فخر ہے۔ حالیہ برسوں میں چین کا عالمی مقام اور اثر و رسوخ مسلسل بڑھا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی صدر کی عالمی تجاویز اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو عالمی امن اور ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے اقدامات کی بھرپور حمایت اور فعال شرکت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج مشترکہ مستقبل کی تعمیر اور سی پیک کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور ثالثی کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پانے کے قریب ہے اور پاکستان اس سلسلے میں اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے ممکنہ معاہدے کے لیے چین بھی مزید فعال کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں