Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیکس جمع کرانے والوں کیلئے اہم خبر؛ اسٹیٹ بینک نے بڑا اعلان کردیا

مخصوص برانچز آج اور کل کھلی رہیں گی، اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے پیشِ نظر ملک بھر میں مخصوص کمرشل بینک برانچز کو آج اور کل کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی بروقت وصولی ممکن بنائی جاسکے۔

اسٹیٹ بینک کے ایکسٹرنل کمیونیکیشنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق تمام کمرشل بینکوں کی وہ برانچز جو معمول کے مطابق ہفتے کے روز کام کرتی ہیں جب کہ نیشنل بینک آف پاکستان کی کسٹمز کلیکشن سے متعلق برانچز بھی 23 اور 24 مئی 2026 کو صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کھلی رہیں گی۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اتوار 24 مئی کو این آئی ایف ٹی کے ذریعے سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ مکمل ہونے تک متعلقہ برانچز کو فعال رکھیں۔

اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع کی مسلسل دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آن لائن ٹیکس ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔