شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں میں 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، جبکہ میر علی اور میران شاہ کے مختلف علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ میران شاہ میں شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل میں ملوث عناصر کو بھی کارروائی کے دوران انجام تک پہنچا دیا گیا ہے، جسے سیکیورٹی ادارے اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق “آپریشن عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 27 مبینہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میران شاہ میں شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کے خلاف کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری قومی جدوجہد میں ایک اہم اور نمایاں پیش رفت ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور اقدامات لائقِ تحسین ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور کسی بھی صورت ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “فتنۃ الخوارج” اور ان کے سرپرستوں کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے، جبکہ شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانا ایک بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور حکومت کی اولین ترجیح ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہے۔
















