کراچی: کمشنر کراچی نے کیماڑی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نہانے اور تیراکی پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
کمشنر کراچی کے مطابق شدید گرمی کے باعث ساحلی علاقوں میں عوامی رش میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ ہائی ٹائیڈ کے دوران حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ڈوبنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس کے پیش نظر انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔
دفعہ 144 کے تحت کیماڑی ساحل پر نہانے، تیراکی اور سمندر میں غوطہ خوری سمیت پانی میں اترنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ ساحلی پٹی پر عوامی سرگرمیوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی کے مطابق اس پابندی کا اطلاق 23 مئی سے 22 جون 2026 تک ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو کارروائی کے اختیارات دے دیے گئے ہیں جب کہ شہریوں سے ساحلی علاقوں میں احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر سمندر کا رخ نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
حکام نے مزید کہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے نگرانی سخت کردی گئی ہے۔


















