Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو خاران اور مستونگ میں دو انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو خاران اور مستونگ میں دو انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے جن میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خاران میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی پر پیشگی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ آپریشن میں ایک خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں