Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں آج یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں

کربلا میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے ظلم اور بربریت کے خلاف اس کی مثال رہتی دنیا تک دی جاتی رہے گی۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

 کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر ختم ہوگا۔ کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس شہداء چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ۔ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا علمدار روڈ پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ تیلی محلہ سے برآمد ہو گا۔ جلوس روٹ کو سیل کر کے شرکا کے داخلہ کے لیے ایک راستہ مختص کردیا گیا ہے۔

لاہور میں یوم عاشور کا جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس آج کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں میں عزاداروں کے لیے سبیلیں اور نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں 10 محرم کا مرکزی جلوس عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا ۔ ضلع بھر میں سینکڑوں مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ملتان میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ہیرا حیدریہ سے برآمد ہوگیا جو کہ بعد نماز مغرب امام بارگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔

شام غریباں

جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے اور پھر عزادار غم حسین میں سینہ کوبی کے بعد گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔

متعلقہ خبریں