کراچی: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
دوران ملاقات ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم قومی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔














