محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ اس وقت بھارت کی ریاست مشرقی مدھیہ پردیش پر موجود ہے، جو آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے کم دباؤ میں تبدیل ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر مون سون ہوائیں مسلسل پاکستان کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، خطۂ پوٹھوہار، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ یا زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
ادھر بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ اور ایبٹ آباد سمیت مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

















