Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کی ایئر چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پاکستان اور بیلاروس کا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ۔

اسلام آباد: جمہوریہ بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، صنعتی، تربیتی، فضائی و خلائی شعبوں میں تعاون اور دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیلاروس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور اول نائب وزیر دفاع میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون، صنعتی اشتراک، عسکری روابط، تربیتی تعاون اور ابھرتی ہوئی فضائی و خلائی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے فروغ پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمت عملی، خودانحصاری پر مبنی اقدامات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی۔

ایئر چیف نے کہا کہ مضبوط اور پائیدار شراکت داری کے لیے عسکری تعاون، مشترکہ تربیتی سرگرمیوں، تکنیکی اشتراک، دفاعی و صنعتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور بیلاروس کی فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں، تربیت اور تکنیکی و آپریشنل تعاون کے ذریعے اشتراک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، جدید تکنیکی صلاحیتوں اور خودانحصاری پر مبنی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اسے جدید فضائی افواج کے لیے قابلِ تقلید نمونہ قرار دیا۔

بیلاروس کے وفد نے دفاع، فضائی و خلائی شعبوں اور تربیتی میدان میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ میجر جنرل مراویکو پاویل نکولایووچ نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ خبریں