Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خاران میں سیکیورٹی فورسز کے دباؤ پر دہشتگرد فرار، پروپیگنڈا ناکام

دہشتگرد فورسز کی آمد یا موجودگی کی اطلاع ملتے ہی مقابلے کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کرتے ہیں

بلوچستان کے ضلع خاران میں سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے لیے آنے والے فتنۂ الہندوستان کے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے مؤثر ردِعمل کے باعث فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرد علاقے میں گمراہ کن بیانیہ بنانے کے لیے کارروائی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث ان کے عزائم ناکام ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل مؤثر کارروائیوں کے بعد فتنۂ الہندوستان اب عملی میدان میں پسپائی کے باعث سوشل میڈیا پر جعلی بیانیہ تشکیل دینے کی کوششوں تک محدود ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد مختلف مقامات پر مبینہ طور پر سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ انہیں سوشل میڈیا پر استعمال کرکے گمراہ کن تاثر پیدا کیا جا سکے۔

خاران میں بھی دہشتگردوں نے اسی مقصد کے تحت دراندازی کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی موجودگی اور فوری ردِعمل کے باعث وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہوسکے اور فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد فورسز کی آمد یا موجودگی کی اطلاع ملتے ہی مقابلے کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

اس دوران دہشتگردوں کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت 5 شہری زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کے بعد شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بوکھلاہٹ اور ناکامی کی علامت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میدان میں پسپائی اور سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈا کی کوششیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ دہشتگرد تنظیمیں زمینی حقائق کے بجائے گمراہ کن بیانیے کے ذریعے اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں