صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد ریاستی رٹ کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
صدر مملکت نے واقعے کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سوات کبل خودکش دھماکے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قوم کے لیے قابلِ احترام ہیں اور امن دشمن قوتوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔














