Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میر رضا کیس، سندھ حکومت نے تحقیقات کے لیے جوڈیشنل کمیشن بنانے کا فیصلہ کر لیا

موجودہ صورتحال میں جوڈیشل کمیشن کا قیام وقت کی ضرورت ہے، ضیاء الحسن لنجار

میر رضا کیس پر سندھ حکومت نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ کے ججز سے کرائی جائیں گی تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق آج میر رضا کیس سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ اہم اجلاس ہوا جس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم کو کمیشن کے ماتحت کردیا جائے گا۔

ضیا الحسن لنجار نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی ٹیم بھی تبدیل کردی گئی ہے اب ڈی آئی جی عامر فاروقی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میر رضا کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ خاندان جس بھی پولیس افسر کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کرنا چاہے گا، اسے شامل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ وہ آج میر رضا کی فیملی سے ملاقات کے لیے بھی جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک تحقیقات میں ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی جس سے یہ ثابت ہو کہ واقعے کے پیچھے کوئی ہائی پروفائل شخصیت ملوث ہے۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جوڈیشل کمیشن کا قیام وقت کی ضرورت ہے تاکہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل ہوسکیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اگر ڈاکٹر سمعیہ کو لگتا تھا کہ پوسٹ مارٹم کا عمل درست نہیں ہوا تو انہیں حکومت سے رابطہ کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق ڈاکٹر سمعیہ کو حکومت کو بتانا چاہیے تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ درست نہیں ہے۔

میر رضا کیس پر سندھ حکومت کے اس فیصلے کو تحقیقات میں شفافیت لانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اہل خانہ اور عوام کی نظریں اب جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پر مرکوز ہیں۔