مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
تیسرے مرحلے میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 کے حلقوں میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جہاں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
الیکشن کے تیسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق 2 اضلاع پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پیپلزپارٹی نے 4 نشستیں جیتی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں مسلم لیگ (ن) نے 15 جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن اب تک 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پیپلزپارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

















