Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یومِ آزادی میں ایک روز باقی؛ سبز ہلالی پرچموں سے ملک بھر کی رونقیں دوبالا

14 اگست کی گہما گہمی عروج پر ہے جبکہ گھروں سے بازاروں تک سبز ہلالی رنگ چھا گیا

یومِ آزادی کے موقع پر شہری بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جشن منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔

جشنِ آزادی کے لیے لگائے گئے عارضی بازاروں اور اسٹالز پر بھی شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ بڑے جھنڈوں، جھنڈیوں، بیجز، ٹوپیوں، گھڑیوں اور بچوں کے لیے مختلف قومی رنگوں کی اشیا کی خریداری جاری ہے۔

شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجانے کے لیے خریداری کر رہے ہیں جبکہ گھروں کی سجاوٹ کے لیے بھی سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں خریدی جا رہی ہیں۔ خواتین اور بچیوں کے لیے سبز و سفید چوڑیاں اور دیگر آرائشی اشیا بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے سبز اور سفید رنگ کے ملبوسات بھی بچوں کی پسند بن گئے ہیں۔ بچیوں کے لیے سبز و سفید فراکس اور جیولری جبکہ بچوں کے لیے چاند تارے والی شرٹس اور دیگر قومی رنگوں کے ملبوسات دستیاب ہیں۔

بچوں کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے اور سبز و سفید ملبوسات پہن کر دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوں گے۔

والدین بھی بچوں کے ساتھ خریداری کرتے ہوئے انہیں یومِ آزادی کی اہمیت سے آگاہ کر رہے ہیں۔ جشن منانے کے ساتھ ساتھ نئی نسل میں وطن سے محبت اور قومی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا بھی ضروری ہے۔

دوسری جانب جشنِ آزادی کے لیے عارضی اسٹالز لگانے والے دکاندار بھی شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث مصروف ہیں اور قومی پرچموں، جھنڈیوں اور دیگر اشیا کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

متعلقہ خبریں