راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی تیار کردہ خودکش بارودی گاڑی قبل از وقت دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوراب میں دہشت گردوں کی جانب سے تیار کی جانے والی بارودی گاڑی قبل از وقت پھٹنے سے8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 3 قریبی شہری بھی جاں بحق ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگالیا گیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف واقعات میں فتنۃ الہندوستان کے مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوان زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری ہے اور غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

















