آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و ناروے کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

















