پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اپنی نئی سوشل میڈیا ویڈیو کے باعث صارفین کی تنقید کا سامنا کررہی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہنے کھلی چھت والی گاڑی میں کافی پیتی اور گانے پر رقص کرتی نظر آئیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اداکارہ کے ویڈیو شیئر کرنے کے وقت پر اعتراض کیا۔
View this post on Instagram
صارفین کا کہنا تھا کہ ملک میں مختلف افسوسناک واقعات پر سوگ کی کیفیت ہے ایسے میں معروف شخصیات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اہم سماجی مسائل کی جانب توجہ دلانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
کئی صارفین نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ہانیہ عامر کی ویڈیو پر تنقید کی۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے ہری پور میں 4 سالہ آیت نور کے مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے کا ذکر بھی کیا اور اداکارہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے حساس معاملات پر بھی آواز اٹھائیں تاہم ہانیہ عامر کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین کی تنقید پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



















