ایم کیو ایم پاکستان کے زیرِ اہتمام اورنگی ٹاؤن میں احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کی بھرپور حمایت کردی۔
جلسے سے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماؤں سید مصطفیٰ کمال، انیس احمد قائمخانی اور فرقان اطیب سمیت اراکین قومی اسمبلی سید حفیظ الدین اور مظاہر امیر نے خطاب کیا، جبکہ جوائنٹ ٹاؤن انچارجز بھی شرکاء سے مخاطب ہوئے۔
مقررین نے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہری مسائل کے مؤثر حل اور بہتر انتظامی نظام کے لیے مقامی سطح پر نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔
جلسے میں شریک عوام نے مطالبے کی حمایت میں بھرپور نعرے لگائے اور انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے سے اتفاق کا اظہار کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
















