لاہور: آئی سی سی نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دینے پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا جس کے بعد قذافی اسٹیڈیم کے ریکارڈ پر اب کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں۔
آئی سی سی کے اپیلز پینل کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کی پچ پر غیر معمولی ناہمواری یا اسپن موجود نہیں تھی۔
اپیلز پینل نے پچ سے متعلق نظرثانی کے بعد قذافی اسٹیڈیم پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
آئی سی سی کے مطابق کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران غیر تسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔
تاہم 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کی پچ پر عائد 3 ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی اپیلز پینل کا کہنا ہے کہ 16 جون کے میچ میں پچ کی حالت خطرناک تھی، اس لیے اسے ناقابل استعمال قرار دینا درست تھا۔
ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لیے جانے کے بعد میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کے ریکارڈ پر اب 3 ڈی میرٹ پوائنٹس موجود ہیں۔
آئی سی سی کا مزید کہنا ہے کہ ڈی میرٹ پوائنٹس 5 سال تک فعال رہتے ہیں۔ کسی میدان پر 6 ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے کی صورت میں اسے 12 ماہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے معطل کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح 12 ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچنے پر متعلقہ میدان کو 24 ماہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے معطل کیا جاسکتا ہے۔



















