Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل

آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، بھارت، جنوبی افریقا، سری لنکا، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی نمایاں کھلاڑی شامل۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کھلاڑی فاطمہ ثناء کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، بھارت، جنوبی افریقا، سری لنکا، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی نمایاں کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

 

ٹیم میں چیمپئن آسٹریلیا کی چار کھلاڑیوں جب کہ ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والی سوفی مولینیوکس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی وکٹ کیپر بیٹر بیتھ مونی کو بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

بیتھ مونی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ پلیئر آف دی فائنل اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننے والی پہلی کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔

رنر اپ انگلینڈ کی جانب سے نیٹ برنٹ اور ڈینی وائٹ ہاج کو ٹیم میں جگہ دی گئی جب کہ بھارت کی سری چہارنی بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔

پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء نے ایونٹ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچز میں 11 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست 55 رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی جس کی بدولت وہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والی واحد پاکستانی کھلاڑی بنیں۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی ایلیس پیری، ایشلے گارڈنر، بیتھ مونی اور سوفی مولینیوکس، جنوبی افریقا کی ماریزان کیپ، آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ اور سری لنکا کی نلاکشیکا سلوا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسکاٹ لینڈ کی ڈارسی کارٹر کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی 12 ویں کھلاڑی منتخب کیا گیا جو یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی اسکاٹش کھلاڑی بن گئی ہیں۔