محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام اور رات کے وقت بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کی توقع ہے راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، مری اور گلیات میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے اس کے علاوہ سرگودھا، نورپورتھل، خوشاب، جھنگ، میانوالی، لیہ اور بھکر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہےجبکہ پشاور، صوابی، مردان، مالاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم، بنوں، ڈی آئی خان، لکی مروت، کرک اور وزیرستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم آج دوپہر کے بعد شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود ہو سکتا ہے ژوب، سبی، بارکھان، لورالائی اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



















