پشاور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں عید تعطیلات کے دوران ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے 25 سے 31 مئی تک شدید گرمی کی پیش گوئی کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جب کہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ہری پور اور دیگر اضلاع میں پارہ 42 سے 45 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چترال، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ اور دیگر بالائی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں جب کہ بزرگوں اور بچوں کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
عوام کو زیادہ پانی پینے، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہننے اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے اقدامات اپنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ متعلقہ اداروں کو ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریٹنگ سینٹر مکمل فعال ہے اور ہنگامی صورت حال کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جاسکتی ہے۔



















