کراچی: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک بھر سمیت سندھ میں شدید ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے مختلف شہروں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فضا میں ہائی پریشر بننے کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جب کہ سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دادو، شہید بینظیر آباد، خیرپور، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں پارہ معمول سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیش گوئی ہے۔
اسی طرح حیدرآباد، بدین، سجاول اور ٹھٹہ میں بھی شدید گرم موسم متوقع ہے جب کہ سندھ بھر میں رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم موسم شدید گرم رہے گا اور درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں جب کہ بچوں، بزرگوں اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے افراد خصوصی احتیاط برتیں۔
ادارے نے شدید گرمی کے دوران مویشیوں کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔



















