اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں، ژالہ باری اور دیگر ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جس کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کی تنصیبات اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ادارے کے مطابق شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے جب کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے۔ شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ، اسکردو روڈ بھی ممکنہ طور پر متاثرہ شاہراہوں میں شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی سرکاری ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔




















