ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلیوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تفصیلی موسمی جائزہ رپورٹ اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج سے 7 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں دو الگ موسمی سسٹمز اثر انداز ہوں گے۔ کمزور مرطوب ہوائیں جنوبی اور مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
یکم جون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم پنجاب کے مختلف علاقوں، گلیات، خطہ پوٹھوہار، رحیم یار خان، راجن پور، بارکھان اور کوہلو میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
2 جون کو بھی دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہے گی لیکن شام کے وقت لاہور، سیالکوٹ، گجرات، پوٹھوہار اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اور 4 جون کے دوران شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور شمالی علاقوں میں ابر آلود موسم رہ سکتا ہے جبکہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 5 سے 7 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف) کے خطرات سے بھی خبردار کیا ہے۔ شسپر، گلکن، درکوٹ، ریشن اور بدسوات سمیت کئی گلیشیائی علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ادارے نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں جبکہ جنگلاتی علاقوں میں آگ جلانے یا جلتے سگریٹ پھینکنے سے مکمل گریز کیا جائے کیونکہ مختلف صوبوں میں جنگلاتی آگ کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر موسم، سیلاب، گلاف اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔


















