Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت اور وزیراعظم کا محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59 ویں برسی پر زبردست خراج تحسین پیش

مملکت خداداد کی جدوجہد آزادی میں محترمہ فاطمہ جناح کی بیش قدر خدمات قومی تاریخ کا باعث فخر حصہ ہیں، وزیراعظم

صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59 ویں برسی پر انہیں زبرست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدرمملکت آصف علی زرداری نے محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59 ویں برسی  پراپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم پاکستان کی عظیم، بہادر، صاحبِ بصیرت اور مخلص بیٹی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ وطنِ عزیز کے قیام کے لیے ان کی غیر متزلزل جدوجہد، قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی رفاقت میں ان کی ثابت قدمی، اور تحریکِ پاکستان کے دوران ان کی انتھک خدمات ہماری قومی تاریخ کا ہمیشہ حصہ رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ ہماری تاریخ کے فیصلہ کن دور میں عزم و استقلال کی ایک مضبوط علامت بن کر سامنے آئیں۔ انہوں نے اس دور کی سماجی رکاوٹوں کے باوجود، برصغیر بھر کی خواتین کو متحرک کیا اور انہیں تحریکِ آزادی کی ایک مؤثر قوت میں تبدیل کر دیا۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی وہ لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری اور بحالی کی کاوشوں میں شامل رہیں۔ ان کی بے مثال ہمدردی، عملی قیادت اور ثابت قدمی نے شدید مصائب سے دوچار بے شمار خاندانوں کو نئی امید، حوصلہ اور باوقار زندگی کی راہ دکھائی۔

بعد ازاں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ان کی وابستگی اور آمریت کے خلاف ان کی بے خوف آواز آج بھی پاکستانی عوام کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ کی میراث ہمیں یہ لازوال سبق دیتی ہے کہ کسی بھی قوم کی حقیقی طاقت اس کے عوام کے اخلاقی حوصلے اور انصاف، مساوات اور آزادی کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی میں پنہاں ہوتی ہے۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ آج ہم ان کی یاد میں اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جنہیں انہوں نے پوری استقامت کے ساتھ اپنایا، اللہ تعالیٰ محترمہ فاطمہ جناحؒ کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے جذبۂ شجاعت، دیانت، استقامت، ایثار اور عوامی خدمت کے اعلیٰ نمونے کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم کی جانب سے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر ان کی قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں مملکت خداداد کی جدوجہد آزادی میں محترمہ فاطمہ جناح کی بیش قدر خدمات قومی تاریخ کا باعث فخر حصہ ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ ان کی تحریک پاکستان کے دوران انتھک کاوشیں، نڈر کرداد اور مثالی جذبہ قومی اثاثہ ہے محترمہ فاطمہ جناح نوجوان نسل اور  بالخصوص خواتین کے لیۓ مشعل راہ اور نامصائب حالات میں قومی مقاصد کے لیے ثابت قدمی اور بے لوث جذبہ کا استعارہ ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ خواتین ہر قومی مقصد میں موثر اور تعمیری کردار ادا کرسکتی ہیں۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان میں ہر شعبہ ہاۓ زندگی کے افراد نے بیش قدر تاریخ رقم کی اور مادر ملت نے خواتین کی مثالی نمائندگی کی دیگر خواتین رہنماؤں کے ساتھ مل کر مادر ملت نے دلیری سے عملی قیادت کی۔

برصغیر کی خواتین نے ثابت کیا کہ تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوۓ خواتین تحریک آزادی اور قومی مقاصد  کے لیے ناقابل فراموش اور پر زور آواز بن سکتیں ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھی مادر ملت، ملک و قوم  کی سماجی و سیاسی ترقی، معاشرتی ہم آہنگی  اور تعمیری اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیۓ کوشاں رہیں۔

محترمہ فاطمہ جناح کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں قومی تاریخ میں ان کے کردار اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں