Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تاحال کسی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی، ایران نے ٹرمپ کا بیان مسترد کردیا

ایران نے ٹرمپ کے معاہدے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کر دیا

ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال کسی بھی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ معاہدے پر دستخط کی تاریخ اور مقام سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں اور ان میں کوئی حتمی حیثیت نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی مسودے کے بیشتر نکات پر پیش رفت ہوچکی ہے تاہم امریکا کی جانب سے بار بار مؤقف میں تبدیلی کے باعث مذاکراتی عمل متاثر ہوا ہے اور حتمی اتفاقِ رائے ابھی باقی ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ قطر اور پاکستان اس سفارتی عمل میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہے ہیں اور فریقین کے درمیان رابطوں کو آگے بڑھانے میں معاون ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنے بنیادی اصولوں اور قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اپنی ریڈ لائنز کا مکمل تحفظ یقینی بنائے گا۔