Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا نے مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ بدل سکتا ہے، ایرانی کمانڈر کی وارننگ

چند روز مزید حملے ہوئے تو مکمل جارحانہ آپریشن شروع ہوگا، محسن رضا

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر میجر جنرل محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے آئندہ دو سے تین روز تک ایران پر حملے جاری رکھے تو ایران اپنی حکمتِ عملی میں بڑی تبدیلی لاتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کرسکتا ہے۔

سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مزید حملوں کی صورت میں جنگ کا رخ مکمل طور پر تبدیل ہوسکتا ہے۔ ایران اب صرف دفاعی حکمتِ عملی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر جارحانہ حکمتِ عملی بھی اختیار کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد یہ معاہدہ عملاً غیر مؤثر ہوچکا ہے۔

محسن رضائی کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا نہ ہونا، آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی پالیسی، ایرانی سرزمین پر حملے اور ایران کے اثاثوں کی بحالی میں ناکامی ایسے عوامل ہیں جنہیں تہران معاہدے کی خلاف ورزی تصور کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے فریم ورک معاہدے پر دستخط ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیے تھے جبکہ اسلام آباد مذاکرات کے بعد واشنگٹن نے بیک وقت مذاکرات اور فوجی دباؤ کی پالیسی اپنائے رکھی۔ حالیہ پیش رفت کے بعد یہ حکمتِ عملی اب اپنی اہمیت کھو چکی ہے۔

محسن رضائی نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے جنگ بندی کے وقفے کو اپنی فوجی تیاریوں اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے استعمال کیا تاہم ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں