واشنگٹن: ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 757 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 18 امریکی فوجی ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے جنگی جانی نقصان کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو مزید 50 سے زائد زخمی فوجیوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد زخمی امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 757 ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ 28 فروری کو شروع ہونے کے بعد سے مجموعی طور پر 18 امریکی فوجی ہلاک اور 757 زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع نے گزشتہ ماہ اپنے جانی نقصان کے اعداد و شمار میں بیرون ملک کارروائیوں کے نام سے ایک نیا زمرہ بھی شامل کیا تھا جس میں 7 جولائی سے ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کو شامل کیا گیا۔
محکمہ دفاع نے اس نئے زمرے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ یہ جانی نقصان کس تنازع میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 7 جولائی کی تاریخ اس وقت سے مطابقت رکھتی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کانگریس کو جنگی اختیارات سے متعلق قانون کے تحت آگاہ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ نیا تنازع شروع ہوگیا ہے۔
گزشتہ ماہ بھی امریکی محکمہ دفاع کے جانی نقصان کے اعداد و شمار پر سوالات اٹھے تھے، جب ایران کے حملے جاری رہنے کے باوجود ہلاک اور زخمی فوجیوں کی تعداد کم ہوگئی تھی۔
اس دوران 4 ہلاکتیں اور درجنوں زخمی فوجی عارضی طور پر اعداد و شمار سے غائب ہوگئے تھے تاہم بعد میں انہیں دوبارہ شامل کردیا گیا۔ محکمہ دفاع نے اس کمی کو عارضی معلوماتی خلل قرار دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے دوران امریکی حکام زخمی فوجیوں کی تعداد ظاہر کرنے میں تاخیر کرتے رہے ہیں اور اس کی وجہ سلامتی سے متعلق تقاضوں کو قرار دیا گیا ہے۔




















