Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈونلڈ ٹرومپ کا کم جونگ اُن سے رواں سال ملاقات کا اعلان

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس 57 انتہائی طاقتور جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ رواں سال شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے جب کہ انہون نے دونوں رہنماؤں کے درمیان سابقہ تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے کی کوششوں کا بھی عندیہ دیا ہے۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم جونگ اُن کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا ضروری ہے، شمالی کوریا کے پاس 57 انتہائی طاقتور جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ پہلے صدر ہوتے تو شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہ دیتے تاہم اب یہ حقیقت ہے کہ پیانگ یانگ کے پاس یہ ہتھیار موجود ہیں اور ان کے کم جونگ اُن کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

امریکی صدر نے ملاقات کی تاریخ یا مقام کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم اطلاعات کے مطابق نومبر میں چین کے شہر شینزن میں ہونے والے ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون کے اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا امکان ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے وزیر دفاع آن گیو بیک نے پارلیمان کو بتایا کہ اندازے کے مطابق شمالی کوریا کے پاس تقریباً 80 سے 120 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا شمالی کوریا کو باضابطہ طور پر جوہری طاقت تسلیم کرنے کے حق میں نہیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں جب کہ دونوں رہنماؤں کی آخری ملاقات 2019 میں ہوئی تھی تاہم جوہری معاملے پر ان ملاقاتوں سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔

کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے کہا کہ انہیں ٹرمپ اور ان کے بھائی کے درمیان حالیہ رابطے سے متعلق کوئی علم نہیں تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات اب بھی اچھے ہیں۔

امریکا اور جنوبی کوریا نے مشترکہ فوجی مشقیں بھی مقررہ وقت سے تقریباً ایک ہفتہ پہلے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شمالی کوریا ان مشقوں کو طویل عرصے سے اپنیخلاف ممکنہ حملے کی تیاری قرار دیتا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں