اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی آج سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی امیدوار متعلقہ حلقے کے آر او کے آفس میں جمع کرائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر صبح ساڑھے آٹھ سے شام ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کریں گے۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو ہدایات نامہ جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار تیس ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار بیس ہزار روپے فیس جمع کرائیں گے جبکہ امیدوار کاغذات نامزدگی ساڑھے 8 بجے سے ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔۔
ہدایات نامے میں بتایا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا لازمی ہو گی، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا مصدقہ ووٹر سرٹیفکیٹ بھی منسلک کرنا لازمی ہے۔ امیدوار کو تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن منسلک کرنا لازمی ہو گا اور امیدوار کے پاسپورٹ کی مصدقہ کاپی بھی کاغذات کے ساتھ منسلک کرنا ہو گی جبکہ امیدوار کی کاغذات جمع کراتے وقت عمر کی حد پچیس سال سے کم نہیں ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت نامے میں کہا تھا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ہونا لازمی ہے، امیدوار کی آٹھ دسمبر دو ہزار تئیس تک کی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی لازمی دینا ہو گ، تاہم امیدوار کا کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانا بھی لازمی ہے اور اپنے اہلخانہ سمیت زیر کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News