کراچی سمیت ملک بھر میں ایک بار پھر موسم تبدیل ہونے کا امکان ہے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 مارچ کی شام سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے اثرات کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں پر پڑیں گے۔
اس سسٹم کے تحت شہر میں 25 سے 29 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بھی 24 سے 30 مارچ تک بارش، آندھی اور گرج چمک ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 24 مارچ کی شام سے 30 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 24 مارچ کی شام کو بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 27 مارچ کی رات سے مزید شدت اختیار کر کے 31 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں بشمول پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران کوسٹ (گوادر، پسنی، اورماڑہ)، لسبیلہ، خضدار، قلات، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں 24 سے 25 مارچ اور پھر 27 سے 29 مارچ کے دوران بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 25 سے 26 مارچ اور پھر 28 سے 30 مارچ تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں 25 سے 26 مارچ اور پھر 28 سے 30 مارچ کے دوران بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں 25 سے 26 مارچ اور پھر 28 سے 30 مارچ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں 25، 26 اور پھر 28، 29 مارچ کو بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور ڈھانچوں، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔


















