لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 سے 20 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت کئی اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، کسان اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں جب کہ سیاح شمالی علاقوں کے سفر میں احتیاط برتیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔



















