Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روسی خلائی ایجنسی راکٹوں پر تجارتی اشتہارات دکھا کر آمدنی بڑھانے لگی

ان مارکیٹنگ مہمات کا مقصد براہِ راست فروخت بڑھانا نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر تشہیر اور عوامی توجہ حاصل کرنا ہے

بجٹ میں مسلسل کمی کا سامنا کرنے کے بعد روس کی قومی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے اپنے راکٹوں پر تجارتی اشتہارات آویزاں کرنا شروع کر دیے ہیں۔

گزشتہ سال روسی پارلیمنٹ، یعنی اسٹیٹ ڈوما میں پیش کیے گئے ایک بل کے بعد روسکوسموس کو یہ اجازت مل گئی کہ وہ بڑی کمپنیوں سے اپنے راکٹوں پر ان کے لوگو اور خصوصی نعرے آویزاں کرنے کے عوض فیس وصول کر سکے۔

  ایجنسی پہلے ہی کئی روسی برانڈزجن میں پی ایس بی بینک اور کو فیمانیا شامل ہیں کے لیے اپنی پہلی اشتہاری مہم مکمل کر چکی ہے۔

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ناسا اپنے راکٹوں پر اشتہارات کیوں نہیں لگاتی؟ یا پھر نجی کمپنیاں جیسے اسپیس ایکس بلیو اوریجن ایسا کیوں نہیں کرتیں؟ پہلی نظر میں تو یہ ایک بہترین خیال لگتا ہے کیونکہ راکٹ لانچ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں اور یہ نہایت مہنگے منصوبے ہوتے ہیں لہٰذا اشتہارات سے اخراجات کم کیے جا سکتے ہیں۔

حقیقت میں اس کی کئی وجوہات ہیں ناسا چونکہ امریکی حکومت کا ادارہ ہے اس لیے اسے تجارتی منافع کمانے کی اجازت نہیں جبکہ نجی کمپنیوں کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ راکٹ لانچ کے دوران دھماکے کا خطرہ اب بھی موجود ہوتا ہے کوئی بھی کمپنی نہیں چاہتی کہ اس کا نام یا لوگو کسی ناکام یا تباہ کن لانچ کے ساتھ منسلک ہو جائے اور راکٹ آپریٹرز اس خطرے کی مکمل ضمانت نہیں دے سکتے۔

تاہم صرف اس وجہ سے کہ مغربی ممالک میں یہ عام رواج نہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ ممکن نہیں رواں سال جنوری سے روسکوسموس اپنے خلائی راکٹوں پر اشتہارات دکھا رہی ہے اور اطلاعات کے مطابق اس سے نجی کمپنیوں سے کروڑوں روبل کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔

اشتہارات کی قیمت ایک خاص فارمولے کے تحت طے کی جاتی ہے جس میں اشتہار کےسائز و راکٹ کی سطح کے سائز اور مہم کے دورانیے کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان مارکیٹنگ مہمات کا مقصد براہِ راست فروخت بڑھانا نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر تشہیر اور عوامی توجہ حاصل کرنا ہے یہ فارمیٹ خاص طور پر بڑی کمپنیوں کے لیے پرکشش ہے کیونکہ اس کی انفرادیت انہیں لاکھوں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کا موقع دیتی ہے وہ بھی بغیر کسی مقابلے کے۔

روسی میڈیا کے مطابق روسکوسموس نے اس سال کے آغاز سے بیکونار کوسمو ڈروم سے چار ایسے راکٹ لانچ کیے ہیں جن پر اشتہارات موجود تھے۔ ان میں آر یو۔ ٹی وی پی ایس بی بینک، اور کوفیمانیا سب سے بڑے کلائنٹس رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2001 میں پیزا ہٹ نے ایک خصوصی اشتہاری مہم کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس پر پیزا پہنچانے کے لیے ایک  پروگریس روکٹ استعمال کیا تھا جس پر کمپنی کا لوگو پینٹ کیا گیا تھا بتایا جاتا ہے کہ اس منفرد تشہیری مہم پر کمپنی نے دس لاکھ ڈالر سے زیادہ خرچ کیے تھے تاہم یہ صرف ایک بار کیا جانے والا تجربہ تھا۔