Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا میں 2024 کے زلزلے کا معمہ حل، زمین کے نیچے چھپا نیا شگاف دریافت

تحقیقی ٹیم نے اس نئے شگاف کو ’’ماؤنٹین وِل‘‘ کا نام دیا ہے۔

امریکا کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ریاست نیو جرسی میں گزشتہ سال آنے والا زلزلہ پہلے سے معلوم بڑے زمینی شگاف کی وجہ سے نہیں بلکہ زمین کے اندر موجود ایک ایسے پوشیدہ شگاف کے باعث آیا جس کا پہلے کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔

تحقیق کے مطابق اپریل 2024 میں نیو جرسی کے علاقے ٹیوکس بری میں آنے والے 4.8 شدت کے زلزلے کے بعد سائنس دانوں نے اس کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ابتدائی طور پر خیال کیا گیا کہ اس کی وجہ علاقے کا معروف اور طویل زمینی شگاف ہے تاہم تحقیق سے معلوم ہوا کہ اس کی ساخت موجودہ زمینی دباؤ کے مطابق حرکت کرنے کے لیے موزوں نہیں تھی۔

ماہرین نے زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں، زمین کی سطح کی ساخت اور چٹانوں پر کیے گئے تجربات کا جائزہ لیا تو مرکزی مقام سے چند کلومیٹر دور ایک ایسے پوشیدہ زمینی شگاف کے آثار ملے جسے پہلے کبھی نقشوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

تحقیقی ٹیم نے اس نئے شگاف کو ’’ماؤنٹین وِل‘‘ کا نام دیا ہے۔ یہ قدیم سخت چٹانوں میں موجود ایسا شگاف ہے جو ابھی مکمل طور پر ایک بڑے اور واضح راستے میں تبدیل نہیں ہوا تاہم اس میں زلزلہ پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

اس دریافت کی تصدیق کے لیے ماہرین نے زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی لہروں کے اعداد و شمار، زمین کی باریک پیمائش اور موقع پر جاکر زمینی نشانات کا بھی معائنہ کیا۔

بعد ازاں تجربہ گاہ میں چٹانوں کی بناوٹ، دباؤ اور رگڑ کی کیفیت پر مزید تجربات کیے گئے جن سے ثابت ہوا کہ یہی پوشیدہ شگاف زلزلے کا سبب بن سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ زیرِ زمین پانی کے دباؤ میں تبدیلی یا کسی مقام سے چٹانوں کے ہٹنے جیسے عوامل نے اس شگاف کو متحرک کرنے میں کردار ادا کیا ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گنجان آبادی والے مشرقی امریکا میں اس نوعیت کے کئی چھوٹے اور غیر معروف زمینی شگاف موجود ہوسکتے ہیں جو مستقبل میں زلزلوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

اسی لیے ایسے پوشیدہ شگافوں کی نشاندہی اور مزید تحقیق وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا بروقت اندازہ لگایا جاسکے۔