بھارت میں ایک جج کے متنازع ریمارکس نے سوشل میڈیا پر غیرمعمولی ہلچل مچا دی جہاں نوجوانوں نے احتجاجاً کاکروچ جنتا پارٹی کے نام سے آن لائن مہم شروع کردی۔ چند ہی دنوں میں یہ مہم لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک عدالتی سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ آج کے نوجوان کاکروچز کی طرح ہیں جو ہر جگہ نظر آتے ہیں مگر ذمہ داری قبول نہیں کرتے۔
یہ بیان سامنے آتے ہی طلبا، نوجوان کارکنوں اور سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا۔ مختلف پلیٹ فارمز پر طنزیہ میمز، ویڈیوز اور پوسٹس کی بھرمار ہوگئی جبکہ احتجاجاً کاکروچ جنتا پارٹی کے نام سے ایک علامتی آن لائن گروپ بھی قائم کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس مہم نے صرف تین روز میں 11 اعشاریہ 1 ملین فالوورز حاصل کرلیے جو بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے سوشل میڈیا فالوورز سے بھی زیادہ بتائے جارہے ہیں۔
اس گروپ کی جانب سے نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور سماجی مسائل کو موضوع بنایا جارہا ہے۔ مہم کے دوران ایک وائرل پوسٹ میں لکھا گیا اگر ملک کو گٹر بنایا جائے گا تو وہاں کاکروچ ہی پیدا ہوں گے۔
بھارتی سوشل میڈیا پر یہ معاملہ تیزی سے ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی جج کے بیان کو نوجوان نسل کی تضحیک قرار دیا جارہا ہے۔




















