Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی؛ ایران نے امریکا کے سامنے نئے مطالبات رکھ دیے

ایران لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جاری تنازعات کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے

ایران اور امریکا کے درمیان جاری پسِ پردہ سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں تہران نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے واشنگٹن کے سامنے کئی اہم مطالبات رکھ دیے ہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھا رہا ہے جبکہ مذاکرات سے متعلق تفصیلات مناسب وقت پر مجاز حکام کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔

ایرانی حکام کے مطابق تہران خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے، بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور سمندری راستوں پر ایرانی جہازوں کے تحفظ کو مذاکرات کا اہم حصہ بنانا چاہتا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے موصول ہونے والے حالیہ پیغامات کے بعد بعض معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں تاہم مکمل اعتماد کی فضا تاحال بحال نہیں ہو سکی۔

اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی کے تجربات کے باعث ایران کو بعض تحفظات لاحق ہیں تاہم تہران مذاکراتی عمل کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران لبنان سمیت مختلف محاذوں پر جاری تنازعات کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ جوہری پروگرام سے متعلق گردش کرنے والی بعض اطلاعات حقائق پر مبنی نہیں جبکہ مذاکرات کی حتمی تفصیلات متعلقہ حکام اور مذاکراتی ٹیم مناسب وقت پر سامنے لائیں گے۔

متعلقہ خبریں