Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیلڈ مارشل کا ایران کا نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل؛ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ایران کے وزرائے خارجہ سمیت وزیر داخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا اہم سرکاری دورہ مکمل ہوگیا جس دوران انہوں نے ایرانی صدر اور اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کی ملاقاتیں 8 اپریل 2026 کی جنگ بندی کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ڈاکٹر مسعود پژشکیان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران کے وزرائے خارجہ اور داخلہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے مختلف امور زیر غور آئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورتی عمل کو نتیجہ خیز معاہدے تک پہنچانے پر گفتگو ہوئی جب کہ فیلڈ مارشل کی ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا علاقائی کشیدگی پر اہم مشاورت، امن و استحکام کے لیے مذاکراتی عمل تیز کرنے پر اتفاق ہوا جب کہ علاقائی امن و استحکام، حتمی مفاہمت کے لیے مشاورتی عمل آگے بڑھانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران انتہائی اہم مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور انتہائی اہم مذاکرات میں حتمی سمجھوتے کی جانب مثبت پیش رفت ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا جب کہ ایرانی قیادت نے بھی مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔

متعلقہ خبریں