مکہ مکرمہ: ’’لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ‘‘ کی روح پرور صداؤں سے فضائیں گونج اٹھیں، حج 2026ء کی ایمان افروز تصاویر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
حج کے عظیم اجتماع کی سامنے آنے والی تصاویر میں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام میدانِ عرفات اور جبلِ رحمت میں عبادات، تلاوت، ذکر و اذکار اور دعاؤں میں مصروف دکھائی دیے۔
عازمینِ حج نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن، مغفرت اور رحمتِ الٰہی کے حصول کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
شدید گرمی اور تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود حجاج کرام نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ مناسکِ حج ادا کیے۔ روح پرور مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی جذباتی کردیا اور دنیا بھر میں ان تصاویر کو بے حد سراہا گیا۔

سعودی محکمہ شماریات کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 افراد نے فریضۂ حج ادا کیا۔
ایکس پر جاری اعداد و شمار کے مطابق 15 لاکھ 46 ہزار 655 عازمین بیرونِ ملک سے سعودی عرب پہنچے جن کا تعلق 165 مختلف ممالک سے تھا، جبکہ 1 لاکھ 60 ہزار 646 مقامی حجاج میں سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیر ملکی شامل تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق مرد حجاج کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 396 جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 ریکارڈ کی گئی۔
سعودی حکام کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج میں سے 14 لاکھ 85 ہزار 729 افراد فضائی سفر کے ذریعے سعودی عرب پہنچے جبکہ 54 ہزار 429 حجاج زمینی راستے اور 6 ہزار 497 بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔ حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے جبکہ میدانِ عرفات میں وقوف کو حج کا سب سے اہم رکن قرار دیا جاتا ہے۔


















