Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر سپریم کورٹ بار نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج کو غلط قرار دے دیا

وکلاء برادری نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج کو غلط قرار دے دیا۔

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج کو غلط قرار دے دیا ہے۔

دیگر مکاتب فکر کی طرح وکلاء برادری نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج کو غلط قرار دے دیا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ آفتاب احمد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ریاست کا امن تباہ کرنے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح حملوں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور انسانی جانوں کے ضیاع میں ملوث افراد کو قانون کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ایسے افراد کو آزاد کشمیر کی عدالتوں میں قانونی معاونت فراہم کرے گی، بشرطیکہ وہ خود کو قانون کے حوالے کریں۔

راجہ آفتاب احمد ایڈووکیٹ کہتے ہیں کہ ریاست کے خلاف برسرِ پیکار اور ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے والے عناصر  انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند سنگین جرم کے مرتکب بھی ہورہے ہیں، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مذکورہ عمل سنگین جرم ہے جو غداری کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا بیان عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پرتشدد احتجاج کو مسترد کرتا ہے، وکلا کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کے عمل کو بغاوت کہنا ثابت کرتا ہے کہ یہ عناصر غلط راہ پر گامزن ہیں۔

متعلقہ خبریں