Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ نے عدالتی کارروائی کے لیے صحافیوں کی رسائی میں نمایاں اضافہ کر دیا

تسلیم شدہ صحافی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سپریم کورٹ میں رپورٹنگ کر سکیں گے

 سپریم کورٹ آف پاکستان نے شفافیت اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے میڈیا رسائی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے تمام پریس کلبز اور پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے منظور شدہ صحافیوں کو عدالتی کارروائی کی کوریج کی اجازت دے دی ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق اب تمام تسلیم شدہ صحافی صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سپریم کورٹ میں رپورٹنگ کر سکیں گے جس کے تحت پہلے صرف مخصوص کورٹ رپورٹرز تک محدود رسائی کو وسیع کر دیا گیا ہے۔

عدالتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عدالتی امور کی زیادہ جامع، شفاف اور متنوع کوریج کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو براہِ راست عدالتی کارروائیوں سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پالیسی میں کہا گیا ہے کہ تمام منظور شدہ صحافیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور میڈیا کے لیے دروازے مزید کھول دیے گئے ہیں۔

عدلیہ نے اس فیصلے کو شفاف عدالتی نظام، عوامی اعتماد اور اظہارِ رائے کی آزادی کے اصولوں کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔

چیف جسٹس کی ہدایت پر نافذ کی جانے والی اس نئی پالیسی کے بعد سپریم کورٹ میں عدالتی کارروائیوں کی کوریج کے لیے میڈیا نمائندوں کو پہلے سے زیادہ وسیع رسائی حاصل ہو گئی ہے۔