امریکا نے حزب اللّٰہ سے لبنانی عہدیداروں اور کمپنیوں کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق یہ اقدامات ان افراد اور اداروں کے خلاف کیے گئے ہیں جو حزب اللّٰہ کے لیے مالی معاونت اور فنڈز اکٹھا کرنے میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنا لبنان میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے حزب اللّٰہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، ان پر ایران سے رقوم کی منتقلی میں کردار ادا کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اسی طرح لبنانی سیاسی جماعت مارادا موومنٹ کے سربراہ سلیمان فرنجیہ پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں، ان پر حزب اللّٰہ کے سیاسی اتحاد کی حمایت کا الزام ہے۔
پابندیوں کے تحت نامزد افراد کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کردیے جائیں گے جبکہ ان سے کاروباری لین دین کرنے والے افراد اور ادارے بھی امریکی و غیر ملکی قانونی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔


















