Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین میں اہرام نما منفرد اپارٹمنٹ کی دھوم

کنشان کے جدید ہُواچیاو ضلع میں واقع یہ عمارت ’’پیرامڈ آف کنشان‘‘ کے نام سے جانی جاتی ہے

چین میں عجیب و غریب عمارتوں کی کوئی کمی نہیں کہیں ایسی عمارتیں ہیں جو تقریباً 20 ہزار افراد کو رہائش دے سکتی ہیں کہیں ایسی عمارتیں جن کے بیچ سے ٹرین گزرتی ہے اور کہیں عمارتیں مصروف اوور پاس کے درمیان واقع ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وہاں ایک اہرام نما اپارٹمنٹ بھی موجود ہے؟

چین کے شہر کنشان میں واقع’’پیرامڈ آف کنشان‘‘ ایک نہایت منفرد رہائشی عمارت ہے جو اپنی غیر معمولی اہرام جیسی شکل کی وجہ سے کا فی مشہور ہے۔

کنشان کے جدید ہُواچیاو ضلع میں واقع یہ عمارت ’’پیرامڈ آف کنشان‘‘ کے نام سے جانی جاتی ہے اور چین کی مشہور ترین رہائشی عمارتوں میں شمار ہوتی ہے۔

اس حیرت انگیز عمارت کو 2013 میں مکمل کیا گیا اور تب سے یہ شہر کی ایک اہم پرکشش سیاحتی  مقام بن چکی ہے۔

اصل اہرام کے برعکس یہ 18 منزلہ عمارت مکمل طور پر اہرام نہیں ہے۔ اس کی دو بیرونی دیواریں سیدھی (عمودی) ہیں جبکہ باقی دو ترچھی ہیں۔ اس ڈیزائن کی وجہ سے اپارٹمنٹس 45 درجے کے زاویے پر سیڑھی دار انداز میں نظر آتے ہیں جس سے ایک خوبصورت بصری اثر پیدا ہوتا ہے۔

 اس عمارت کا ڈیزائن ’’ماسٹرز آرکیٹیکچرل آفس‘‘ نے بنایا تھا اگرچہ اس منفرد ڈیزائن کی وجہ سے ترچھی جانب موجود ہر اپارٹمنٹ کے ساتھ ایک بڑا ٹیرس بھی شامل ہے تاہم اس کے باوجود اس شاہکارعمارت کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔

عمارت کی غیر معمولی شکل کی وجہ سے اندرونی حصوں میں ہوا اور روشنی کا گزرکافی کم ہےجبکہ پیچیدہ ڈیزائن آگ سے حفاظت کے نظام پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔