Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کا امریکا سے اسرائیل کے معاہدے پر عملدرآمد کی ضمانت کا مطالبہ

ایران سفارتی عمل جاری رکھنے کے لیے تیار ہے

ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ اگر امریکا معاہدے کا احترام کرنے اور اسرائیل کو اس کی شرائط پر عملدرآمد کا پابند بنانے میں سنجیدہ ہے تو تہران مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سعید خطیب زادہ نے جنوبی لبنان پر اسرائیل کے حالیہ حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیوں کے سنگین اور فوری نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا خواہاں ہے اور غزہ سمیت تمام محاذوں پر امن کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔ تہران سفارتی عمل کو جاری رکھنے اور مسائل کے سیاسی حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کا حامی ہے۔

سعید خطیب زادہ نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے حوالے سے بھی اہم یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بین الاقوامی بحری آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور آئندہ 60 روز تک کسی قسم کی گزرگاہ فیس عائد نہیں کی جائے گی۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل بلا تعطل جاری رہ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے میں ایران کے منجمد مالی اثاثوں اور فنڈز کی مکمل واپسی کو شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ اعتماد سازی اور پائیدار پیش رفت کے لیے ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں