امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم انسان ہیں، پاکستان نے ایران سے معاہدے میں بڑی مدد کی ہے۔
ایک امریکی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں قابل احترام رہنما قرار دیا اور کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے وزیراعظم کا مکمل احترام کرتے ہیں جو ایک مثبت اور قابلِ ستائش روایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے ایران سے متعلق سفارتی پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ وہ ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ گہری واقفیت رکھتی ہے جس سے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
دریں اثنا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ چین نے بھی ایران کے معاملے میں اہم کردار ادا کیا ہے، چینی صدر ستمبر میں امریکا کا دورہ کریں گے جبکہ وہ خود بھی رواں سال چین کا دوبارہ دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین ایران سے اپنی توانائی ضروریات کا تقریباً 50 فیصد تیل حاصل کرتا ہے اسی لیے بیجنگ کی شمولیت اس معاملے میں اہم رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے چین سے ایران سے متعلق تنازع میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی تھی جس پر چینی قیادت نے اتفاق کیا۔
امریکی صدر نے اسرائیل کے ساتھ امریکا کے مضبوط تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری ہے۔
روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس تنازع میں اب تک ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، امید ہے سفارتی کوششوں کے ذریعے جنگ بندی ممکن بنائی جا سکے گی اور خطے میں امن قائم ہوگا۔




















