بنوں کی تحصیل ڈومیل کے علاقے پینگ موسیٰ خیل میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے نصب کی گئی آئی ای ڈی ہاتھی خیل قوم کی ایک ڈاٹسن گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی آگئی جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم تحصیلدار محفوظ رہے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شہید ہونے والوں اور زخمیوں کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔














