ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر بریڈ پٹ سے طلاق کے بعد ذہنی اور جذباتی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی تاہم میرے بچوں نے مجھے دوبارہ زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
امریکی جریدے ورائٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انجلینا جولی نے اپنی نجی زندگی، طلاق کے بعد کے کٹھن دور اور بحالی کے سفر پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ علیحدگی کے بعد میں ایک عرصے تک خود کو بکھرا ہوا محسوس کرتی رہی اور مجھے اپنی وہ پہچان دوبارہ تلاش کرنے میں وقت لگا جس کے لیے میں جانی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت میری زندگی کا انتہائی مشکل مرحلہ تھا تاہم اب میں آہستہ آہستہ اپنی اندرونی مضبوطی کو دوبارہ حاصل کر رہی ہوں۔
انجلینا جولی نے اپنی بحالی اور حوصلے کا سہرا اپنے چھ بچوں کو دیا اور کہا کہ میرے بچوں نے مجھے دوبارہ مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، بچوں کی موجودگی نے مجھے زندگی کے نئے مرحلے کی طرف بڑھنے میں مدد دی۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے بچے اب بڑے ہورہے ہیں اور تقریباً 18 سال کی عمر کے قریب پہنچ چکے ہیں جس سے میری زندگی میں ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے۔
















