سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو اس پیش رفت میں اہم قرار دیا۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی امن کوششوں میں سعودی عرب کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی بھرپور حمایت کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ ممکن ہوا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور آئندہ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کے خلاف چوکس رہنا ضروری ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جلد ایک جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر دستخط کریں گے، جو سعودی ولی عہد کی سرپرستی میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو سرکاری دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔














