Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملا تو قبول نہیں کروں گا، شہزاد نواز

‘میرے اخلاقی اصول مجھے ایسے اعزازات قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتے’

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شہزاد نواز نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں مجھے پرائیڈ آف پرفارمنس یا کوئی اور صدارتی اعزاز دیا گیا تو میں اسے قبول نہیں کروں گا کیونکہ میرے نزدیک متعدد مستحق فنکار آج بھی ایسے اعزازات سے محروم ہیں۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں شہزاد نواز نے صدارتی اعزازات کی تقسیم اور میرٹ کے معیار پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس کے حقیقی حقدار کئی فنکاروں کو آج تک یہ اعزاز نہیں دیا گیا۔ یہ صرف میری ذاتی رائے نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کے شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hashtag Now (@hashtagnowpakistan)

شہزاد نواز نے واضح کیا کہ اگر کبھی میرا نام اس اعزاز کے لیے تجویز کیا گیا تو میں اسے قبول کرنے کے بجائے مسترد کرنا پسند کروں گا، میں یہ بھی نہیں چاہتا کہ میرا نام نامزدگی کی فہرست میں شامل کیا جائے کیونکہ مجھ سے زیادہ قابل اور مستحق افراد موجود ہیں جنہیں تاحال نظر انداز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے اخلاقی اصول مجھے ایسے اعزازات قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتے، ریاست جب کسی فنکار کو اعزاز دیتی ہے تو دراصل وہ اپنے معیار اور اقدار کی بھی نمائندگی کرتی ہے اسی لیے ایسے اعزازات کا میرٹ پر دیا جانا انتہائی اہم ہے۔

شہزاد نواز کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے میں قومی اعزازات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہاں صلاحیت، خدمات اور میرٹ کو کس قدر اہمیت دی جاتی ہے۔