وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان مذاکرات مرکز میں ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی نائب صدر کے ساتھ ملاقات کے موقع پر ٹرمپ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔
اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بغل گیر ہوئے، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفود کے ہمراہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزر لینڈ پہنچے ہیں، امریکہ اور ایران کے وفود بھی پہنچ چکے ہیں، قطر بھی شریک ہوگا۔
سوئس وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ میں پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستانی مذاکرات کیلئے زیورخ سے برگن سٹاک پہنچ گیا، پاکستان بطور ثالث ایران امریکا مذاکرات میں شریک ہے۔
ایرانی وفد بھی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کی قیادت میں برگن سٹاک پہنچ چکا ہے، ایرانی وفد کو ’میناب 168‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔
امریکہ کے وفود کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزر لینڈ میں موجود ہیں۔

















